لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ خیبر پی کے، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں بم دھماکوں اور فرقہ وارانہ قتل و غارت گری میں بھارت ملوث ہے۔ برصغیر میں فرقہ واریت میں تشدد اور قادیانی فتنہ کے بیج انگریز نے بوئے۔ فرقہ وارانہ قتل و غارت گری سے ہندو، صلیبی و یہودی فائدے اٹھا رہے ہیں۔ فتنہ تکفیر پاکستان سمیت دیگر مسلم ملکوں میں انتہائی مہلک شکل اختیار کر چکا ہے۔ علماء کرام قوم کی رہنمائی کریں اور بیرونی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو متحد وبیدار کرنے کا فریضہ سرانجام دیں۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے خطاب میں کہاکہ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھانے اور فاٹا‘ وزیرستان کے علاقوںمیں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسیاں کھل کھیل رہی ہیں۔ یہ مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کر کے انہیں کمزور کرنے کی خوفناک سازشوں کا حصہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے اس بیان کہ پاکستان میں ہونے والی تخریب کاری و دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے‘صورتحال ایک بار پھر کھل کر واضح ہو گئی ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ انگریز نے جہاں جہاں مسلمانوں کے علاقوں پر حکومت کی‘ اپنا تسلط قائم رکھا اور جو معاشرے انگریز کی غلامی میں رہے وہاں منظم منصوبہ بندی کے تحت فرقہ واریت کو پھیلایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ فرقہ واریت سے امت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ قتل و غارت گری کے سلسلے اور تشدد ختم کرنے کیلئے جرأتمندانہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔