اسلام آباد + پارا چنار (ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریڈیو کا دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں ریڈیو پاکستان نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر جمعہ کو خصوصی پروگرام نشر کئے۔ ہر سال 13 فروری کو منائے جانے والے اس دن کا مقصد عوام تک سماجی، اقتصادی، سیاسی، مقامی ثقافتوں اور مقامی زبانوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ریڈیو کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ دوسری طرف قبائلی علاقوں بالخصوص کرم ایجنسی میں ریڈیو کے سامعین کی تعداد میں پچھلے کئی برسوں میں اضافہ ہو گیا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے سبب علاقے کے لوگوں نے ریڈیو کو خبروں اور دیگر معلومات سے آگاہ رہنے کا ذریعہ بنا لیا۔ ایک سروے کے مطابق کرم ایجنسی، باجوڑ مہمند ایجنسی، درہ آدم خیل، ایف آر پشاور، اورکزئی خیبر ایجنسی اور وزیرستان ایجنسیوں کے علاوہ کرک، ٹل دوآبہ، ہنگو، زرگری میں زیادہ تر لوگ ریڈیو سنتے ہیں اور زرعی طریقہ کار کے لئے کاشت کار زیادہ تر ریڈیو پاکستان سے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔