ورلڈکپ میں اربوں روپے کا جوا، بکیوں نے پولیس افسروں سے رابطے کر لئے

Feb 14, 2015

لاہور(نامہ نگار) کرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں پر جواء کرانے کے لئے لاہور میں درجنوں بڑے بکئیے اور جواریے متحرک ہو گئے ہیں ۔انہوں نے پولیس سے بچنے کے لیے پوش علاقوں میں کرائے پر کوٹھیاں اور بڑے ہوٹلوں میں کمرے بک کر لیے ہیں۔ جہاں وہ ورلڈ کپ میچوں کے دوران اربوں روپے کا جواء کرائیں گے۔ زیادہ تر جواریے ٹیم کی ہار جیت پر جوا لگانے کی بجائے بال ٹو بال جوا لگاتے ہیں۔ اس لیے ان بکیوں نے اپنے کرکٹ میچ بلا تعطل دیکھنے کے لیے ایل سی ڈیز اور ٹی وی سیٹوںکے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ سے نمٹنے کے لیے جنریٹر اور یو پی ایس کا بھی انتظام کر لیا ہے ۔ بکیوں نے پولیس ایکشن سے بچنے کے لیے حامی پولیس افسران سے رابطے کر لیے ہیں۔ جن کا کام صرف پولیس کے چھاپے کی صورت میں ان کو بروقت اطلاع فراہم کرنا ہے تاکہ اگرچھاپہ پڑے تو اس سے پہلے سب کچھ غائب کیا جا سکے۔ بکیوں نے اپنے متعلقہ علاقوں کے ایس ایچ اوز کو بھی منہ مانگی رشوت بھی ایڈوانس میں دے دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے میچوں پر جواء کرانے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے گا جو پولیس افسر یا اہلکار ملوث پایا گیا سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں