لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ نے چیئرمین شہریار خان کی منظوری کے بعد اگلے ماہ شارجہ میں جنوبی افریقہ ویمن ٹیم کے خلاف سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ویمن ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ثنا میر کو کپتان کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔ دونوں ممالک کی ویمن ٹیموں کے درمیان سیریز 10 سے 23 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی جس میں تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے میچز کی سیریز آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی جو 2018ء میں انگلینڈ میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کا کوالیفیکشن راونڈ بھی ہوگا۔ سیریز کی تیاری کے لئے پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 28 فروری سے 10 مارچ تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لگایا جائے گا۔ 16 رکنی قومی سکواڈ میں ثناء میر، بسمہ معروف، سیدہ نین فاطمہ عابدی، ربیعہ شاہ (وکٹ کیپر)، ندا راشد، جویریہ ودود، آسماویہ اقبال، مارینا اقبال، سمعیہ صدیقی، ثانیہ اقبال، سعدیہ یوسف، ناہیدہ خان، ارم جاوید، انم امین، کائنات امتیازاور سدرہ امین شامل ہیں۔ چار ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں سدرہ نواز، عالیہ ریاض، نائلہ نذیر اور دینا بیگ شامل ہیں۔