کراچی (نمائندہ نوائے وقت) کراچی میں دو پولیس مقابلہ کے نتیجے میں گینگ ملزم ہلاک اور 50 افراد کو گرفتارکرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایدھی قبرستان روڈ پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اصغر عرف ماما ہلاک ہوگیا جبکہ موقع سے دو ملزم فرار ہوگئے۔ ہلاک ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے کمانڈر شیراز کامریڈ گروپ سے تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری جنرل ہسپتال کے ملازم ریاض بابل عرف بابلہ لیاری کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ملزم لیاری بابا لاڈلہ گروپ کے لئے کام کرتا تھا، ملزم ریاض بابل کی نشاندہی پر لیاری جنرل ہسپتال سے 2 ملازم کامل عرف کپی اور ارشد شامل کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے‘ شاہراہ فیصل پولیس نے گلشن اقبال بلاک 17 میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم فیصل اور اسکے ساتھی وسیم کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول‘ چھینا ہوا موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ علاوہ ازیںشہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 47 ملزمان کوگرفتارکرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ عوامی کالونی کے علاقے کورنگی بلاک کالونی میں واقع گتا فیکٹری میں کام کرنے کے دوران مشین میں دب کر 24 سالہ وقار اکرام ہلاک ہوگیا۔ نیو صنعتی ایریا کے علاقے بشیر چوک سے 40 سالہ نشے کے عادی شخص کی نعش ملی جسے پولیس نے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دیا۔