اربوں کی کرپشن‘ پرویز خٹک کیخلاف 2 ریفرنس تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ مائنز کرپشن کیس میں ملوث‘ پی ٹی آئی کے 2 وزراءکئی ارکان اسمبلی کیخلاف بھی تحقیقات جاری ہیں: سابق ڈی جی احتساب کمیشن۔ ثبوت دیں: وزیراعلیٰ خیبر پی کے۔
تحریک انصاف کے قائد عمران خان پورے ملک میں مبینہ لوٹ مار اور کرپشن کےخلاف محاذ کھولے ہوئے ہیں مگر خود انکے اپنے صوبے میں بھی جہاں انکی حکومت ہے حالات کچھ زیادہ اچھے نظر نہیںآ رہے۔حال ہی میں خیبر پی کے حکومت کی طرف سے احتساب کمیشن کے سرکاری افسران اور عوامی نمائندوں کی گرفتاری کے اختیار پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں اس کیخلاف وہاں کے ڈی جی احتساب کمیشن مستعفی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں 2 ریفرنس تیار ہیں جس کا انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتا دیا تھا۔ 2 وزرا سمیت کئی ارکان اسمبلی کےخلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔ اگر یہ تحقیقات روکی نہ گئیں تو بہت جلد انکے کیس نیب میں پیش ہونگے۔ ان الزامات کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے کا کہنا ہے کہ ان الزامات کے ثبوت دئیے جائیں جو سابق ڈی جی نے استعفے کے بعد لگائے ہیں۔بیان بازی سے ہٹ کر یہ بات نہایت اہم ہے کہ اگر عمران خان واقعی کرپشن سے پاک پاکستان بنانا چاہتے ہیں تو انہیں اسکی ابتدا اپنے صوبے سے کرنا ہو گی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے بنا کسی تفریق کے تمام کرپٹ عناصر کیخلاف آہنی ہاتھ استعمال کرنا ہو گا۔ تب ہی عوام کو انکے دعو¶ں پر یقین آئےگا۔