لاہور (فرخ سعید خواجہ سے) پنجاب فرانزک لیب کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کے شواہد بھجوائے جائیں تو وہ اسکے اصل ملزموں کو قوم کے سامنے لے آئیں گے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ اور صحافیوں کے ’’لیب‘‘ کے دورے کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 8، 9 سال بعد بھی بے نظیر بھٹو قتل کیس کے ملزموں کا وہ سراغ لگا سکتے ہیں بشرطیکہ کیس میں فرانزک لیب کو بھجوایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل وہ امریکہ میں ایک ایسے کیس کے اصل ملزم کا سراغ لگا چکے ہیں جو عدالت نے چھوڑ دیا تھا اور کسی دوسرے شخص کو سزا ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا امریکہ کی فرانزک لیب میں انکے سامنے اس کیس کو لایا گیا تھا اور اب اس کا اصل ملزم جیل میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انگریزی فلم فیوجیٹیو (Fujitive) اس مقدمہ قتل پر بنائی گئی تھی۔