پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بعض شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے پولیس حکام اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر موثر عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ گوجرانوالہ میں زخمی ہونیوالے 6 سالہ بچے کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کی دوستی کثیرالجہتی تعلقات پرمبنی ہے اور امریکہ کا پاکستان کے توانائی شعبہ میں بڑھتا ہوا تعاون لائق تحسین ہے۔ پاکستان اور امریکہ رواداری، تحمل اور برداشت کو فروغ دینے میں ایک دوسرے کے پارٹنرز ہیںاور دونوں ملک امن، رواداری اور برداشت کو فروغ دینے میں یکساں سوچ کے حامل ہیں۔ پاکستان میں تحمل، برداشت اور میانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے اور قائداعظمؒ کا یہ عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔ معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانیوالے انسانیت کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف انتہائی محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور شہباز شریف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے ممتاز دانشور، تجزیہ نگار اور تحریک پاکستان کے کارکن بریگیڈئر (ر) شمس الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن