اسلام آباد (آن لائن) پی آئی اے نے اپنے ملازمین کی نقل وحرکت محدود کردی ہے اور انہیں میڈیکل سنٹر تک جانے کیلئے بھی اجازت درکار ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے ملازمین کو میڈیکل سنٹر تک جانے کیلئے بھی سپروائزر یا انچارج سے تحریری اجازت لینا پڑیگی۔ پی آئی اے ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری سہیل مختار نے کہا ہے اس طرح کی پابندیاں پہلے نہیں تھیں۔ ملتان میں بھی 21 ملازمین کو شوکاز جاری کردئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم نے پی آئی اے کے جاں بحق دو ملازمین کے ورثا کیلئے امداد کا اعلان کردیا ہے۔ جاں بحق ملازمین کے ورثا کو فی کس 25 لاکھ روپے، زخمیوں کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے ملیں گے۔ جاں بحق ملازمین کے ورثا میں ایک، ایک کو پی آئی اے میں قابلیت کے مطابق ملازمت دی جائیگی۔