پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے: ڈاکٹر قدیر

لاہور(کامرس رپورٹر) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو اس قابل بنا دیا ہے کہ پاکستانی پوری دنیا میں فخر سے سر اٹھا کر چلتے ہیں، اگر کسی نے پاکستان کی میلی آنکھ سے دیکھا تو اسکی اینٹ سے اینٹ بجا دیںگے۔ پاکستانی ڈاکٹر دنیا میں کسی سے کم نہیں عوام بیرون ملک علاج کی بجائے اپنے ڈاکٹروں کو ترجیح دیں، میں نے آج تک بیرون ملک علاج نہیں کروایا ‘ فیملی فزیشن صحیح معنوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فیملی فزیشنزسے کہا کہ آپ کی خدمات معاشرے کے پسے ہوئے طبقات اور دکھی انسانیت کیلئے بہت اہم ہیں ہم نے بھی ملک کیلئے اپنی خدمات پیش کی ہیں اپنے مستقبل پر ملک کے مستقبل کو ترجیح دی، میں نے اور میرے ساتھیوں نے پاکستان کے وجود کو لاحق خطرات کے بارے میں ذوالفقار علی بھٹو کو آگاہ کیا تھا جنہوں نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیںملک کو ایٹمی قوت بنانے کا ٹاسک دیا ہم نے ملک کو چھ سے سات سال میں ایٹمی قوت بنا کر پاکستان کو دنیا بھر میں ناقابل تسخیر بنا دیا آج پاکستانی اس قابل ہیں کہ وہ دنیا بھر میں سر اٹھا کر چلیں ،90فیصد لوگ فیملی فزیشن ڈاکٹروں کے پاس جاتے ہیں اس لئے فیملی فزیشنز کی ٹریننگ ہونی چاہئے ،ڈاکٹر وں کا حلف انہیں عام آدمی سے فرشتہ میں بدل دیتا ہے مگر بعض لوگ یہ حلف اٹھا کر بھی اپنے مطالبات کے حوالے سے ہسپتالوں میں ہڑتال کرتے ہیں اوپی ڈی اور دیگر شعبوں کو بند کرتے ہیں جس سے عام آدمی اور مریضوں کو پریشانی و تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے پی آئی اے کی ہڑتال میں بھی عام آدمی کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، ضرورت اس بات کی ہے یہ ملک ہم سب کا ہے ہمیں وہ کام نہیں کرنے چاہئے جس سے اس ملک اور عام آدمی کو نقصان پہنچے ،ہم نے لاہور میں 300بسترکا ہسپتال قائم کر نے کیلئے کوشش شروع کر رکھی ہے او پی ڈی کا آغاز کر دیا ہے جہاں روانہ سینکڑوں مریضوں کا مفت علاج معالجہ کیا جاتا ہے مخیر حضرات میری بھر پور مدد کر رہے ہیں ،پاکستان کے ڈاکٹر انتہائی قابل اور محنتی ہیں وہ دنیا کے کسی بھی خطے کے ڈاکٹروں سے کم نہیں ، خدا کے لئے باہر کے ڈاکٹروں کے پیچھے نہ جائیں اور اپنے ڈاکٹروں پر اعتماد کریں۔

ای پیپر دی نیشن