سلانوالی: ہسپتال میں ڈاکٹرز نہ ہونے پر مریض جاں بحق، ورثا کا نعش رکھ کر احتجاج

Feb 14, 2016

سلانوالی (نامہ نگار) ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز نہ ہونے کے باعث مریض جاں بحق ہوگیا جس پر ورثا نے نعش گیٹ پر رکھ کر کئی گھنٹے تک ہسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج اور سینہ کوبی کی۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عاقب نذیر نیکوکارہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ محلہ اسلام نگر سلانوالی کے سید سبطین شاہ کو دل کی تکلیف ہونے پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سلانوالی لایا گیا جہاں ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔ دو گھنٹے تک خاکروب اور چوکیدار مریض کا علاج معالجہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایم ایس اور ڈاکٹر کو بلانے کےلئے فون کرتے رہے۔ اس دوران مریض سسک سسک کر جان کی بازی ہار گیا جس پر ورثا مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹی ایچ کیو سلانوالی کا کوئی پُرسان حال نہیں، مریض یہاں آنے سے کتراتے ہیں جبکہ ڈاکٹرز اور عملہ اپنے پرائیویٹ ہسپتال چلانے میں مشغول رہتا ہے۔ مظاہرین نے سینہ کوبی کی اور شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ کو معاملے سے آگاہ کیا جس نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ غیرحاضر ڈاکٹر اور عملہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی جس پر ورثا نعش لیکر گھر گئے۔ ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا واقعہ کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سلانوالی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ٹی ایچ کیو ہسپتال کی عمارت تو قائم کردی گئی مگر ہسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے۔ ہسپتال میں آر ایچ سی کے برابر سہولیات میسر ہیں، چار ڈاکٹرز کام کررہے ہیں اور 2 بجے دوپہر کے بعد ہسپتال میں سناٹا چھا جاتا ہے، کوئی ڈاکٹر نہ کوئی عملہ موجود ہوتا ہے، دل کے مریض اورحاملہ خواتین کو ایمرجنسی کی صورت میں ہسپتال لایا جائے تو ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث فوری طور پر سرگودھا لے جانا پڑتا ہے اور مریض سرگودھا پہنچتے پہنچتے اگلے جہاں پہنچ جاتا ہے۔
مریض/ ہلاک

مزیدخبریں