نوجوان سوئمرز آئیں، سیکھیں اور پاکستان کا نام روشن کریں،جہانگیر خانزادہ

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، پنجاب حکومت نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے اہم اقدامات کررہی ہے جس میں سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا بھی شامل ہے،نوجوان سپورٹس کی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں کیونکہ سپورٹس مین معاشرے کا بہترین انسان بنتا ہے، نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے پہلی بار نیشنل یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے ترقی کی راہیں کھل سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں پہلی نیشنل یوتھ سمٹ کے شرکاء کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ملک کی ترقی کا زینہ ہیں اس لئے ان کی بہترین رہنمائی انتہائی ضروری ہے، پنجاب حکومت نے ہمیشہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کئے ہیں، نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے پاکستان میں پہلی بار نیشنل یوتھ سمٹ منعقد کی گئی ہے جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب ہونے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرنا ہے، سمٹ سے ملکی یکجہتی کو فروغ ملے گا، جس جگہ ہم سب بیٹھے ہیں یہ ملک کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس ہے، اس کا شمار دنیا کے بہترین سوئمنگ کمپلیکس میں ہوتا ہے جس میں موسم کے لحاظ سے ہر سہولت میسر ہے، نوجوان سوئمرز آئیں، سیکھیں اور سوئمنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

ای پیپر دی نیشن