عمران نے خود موروثی سیاست پر عمل کیا عوام نے مسترد کر دیا:خورشید شاہ

Feb 14, 2018

اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی لڑائی سینیٹروں پر ہورہی ہے‘ مشرف اب خود آکر ایم کیو ایم کی قیادت سنبھال لیں‘ ایم کیو ایم کے لوگوں نے پیپلز پارٹی سے رابطے کئے ہیں‘ پی پی کا ووٹر جنرل الیکشن میں نکلتا ہے‘ ایم کیو ایم کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کا الزام غلط ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا ایم کیو ایم کی جانب سے پی پی پی پر صرف الزامات لگائے جاتے ہیں۔ ایم کیو ایم خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ اگر فاروق ستار کو ہٹانے میں پرویز مشرف کا ہاتھ ہے تو مشرف ایم کیو ایم کو سنبھال لیں۔ خورشید شاہ نے کہا عمران خان نے اپنے کہے کے برعکس خود موروثی سیاست پر عمل کیا، عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا، لودھراں کی سیٹ پہلی بار ہی تحریک انصاف کو ملی تھی۔ انہوںنے کہاعمران خان کا موقف تھا کہ موروثی سیاست ختم ہونی چاہیے ٗمگر عمران نے اپنے کہے کے برعکس خود موروثی سیاست پر عمل کیا۔ انہوںنے کہا عوام نے اپنا فیصلہ سنا کر پی ٹی آئی کی سیاست کو مسترد کر دیا۔ خورشید شاہ نے کہا آئندہ الیکشن کے بعد سیاست کے نئے راستے کھل جائیں گے۔ خورشید شاہ نے نگران وزیراعظم کے لیئے عوام سے نام مانگ لئے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ جو بھی اچھے نام ہیں وہ بتائے جائیں تا کہ ہم مشاورت میں ان پر بھی غور کر سکیں۔ انہوں نے کہا نگران وزیراعظم کے لیے وزیراعظم کے ساتھ مشاورت ابھی شروع نہیں ہوئی۔ تین ماہ رہ گئے، نگران وزیراعظم کے لیئے مشاورتی عمل شروع ہو جانا چاہیے۔انہوںنے کہا وزیراعظم کی جانب سے تا حال کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا تقرر اہم ذمہ داری ہے۔ نگران وزیراعظم کے اختیارات آئین میں واضح ہیں۔ نگران وزیراعظم کو صرف روزمرہ کے امور حکومت چلانا ہوتے ہیں۔ کوشش ہو گی بہترین نگران وزیراعظم سامنے لایا جائے۔

مزیدخبریں