ہائیکورٹ نے آٹومیٹک اسلحہ لائسنس منسوخی کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کر دیا

Feb 14, 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ذاتی تحفظ کے لئے رکھے گئے آٹومیٹک اسلحہ کے لائسنس منسوخی کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت وزارت داخلہ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری منصور خان سمیت گیارہ درخواستگزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن کے تحت ذاتی تحفظ کے لئے رکھنے والے آٹومیٹک اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے ذاتی تحفظ کے لئے سیمی آٹومیٹک یا مینویل اسلحہ رکھنے کی پابندی عائد کی ہے۔ عرصہ دراز سے ذاتی تحفظ کے لئے رکھے گئے آٹومیٹک اسلحہ کے لائسنس اچانک منسوخ کر دینا غیر آئینی ہے۔ لائسنس منسوخی سے قبل درخواستگزاروں کو سنا اور نہ کوئی تنبیہ کی۔

مزیدخبریں