پاکستانی فوج عسکریت پسندوں کیخلاف موثر تعاون نہیں کر رہی: امریکی انٹیلی جنس چیف

Feb 14, 2018

واشنگٹن+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ نیٹ نیوز) امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ڈین کوٹس نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی تعاون میں پیچھے ہے۔ سینٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے اپنے بیان میں کہا امریکہ کی طرف سے ڈومور مطالبے کے باوجود پاکستان ابھی طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کے لئے صرف کوششیں ظاہر کر رہا ہے۔ عسکریت پسند گروپ افغانستان، بھارت اور امریکی مفادات پر حملوں کے لئے پاکستان میں محفوظ ٹھکانوں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے جو کارروائیاں کی گئی ہیں اس کا ایسے گروپوں پر خاص دباؤ نہیں۔ انہوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے مزید کہا پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروپ بھارت اور افغانستان میں حملے جاری رکھیں گے جس سے اسلام آباد اور دہلی کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ ڈین نے دعویٰ کیا حقیقت میں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت میں اضافے‘ عسکریت پسندوں سے تعلق‘ انسداد دہشت گردی میں تعاون سے دوری اور چین کے ساتھ قریبی تعلقات امریکی مفادات کے لئے خطرہ رہیں گے۔ ادھر امریکہ، پاکستان کو دہشت گردی کے معاون ممالک کی عالمی واچ لسٹ میں شامل کرنے کیلئے متحرک ہوگیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ آئندہ ہفتے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کے خلاف تحریک پیش کرے گا۔ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ واچ لسٹ میں نامزدگی رکوانے کیلئے امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے رابطے میں ہیں۔ امریکہ نہ بھی مانا تو امید ہے نامزدگی واپس کرا لیں گے۔

مزیدخبریں