اسلام آباد(سپیشل رپورٹ +این این آئی) صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیشمار پیچیدہ مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔دہشت گردی ختم ہو گئی اور قومی معیشت میں بہتری پیدا ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں خوشحالی آئے گی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام انجینئرنگ سے وابستہ تعلیمی اداروں کی پہلی عالمی ڈینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کے علاوہ ممتاز پاکستانی اور غیر ملکی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ چند دہائیوں سیدہشت گردی سمیت کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس سے معیشت متاثر ہوئی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ اس صورت حال سے انجینئرنگ کے شعبے کے لوگ بھی متاثر ہوئے۔ لیکن اب صورت حال بدل چکی ہے اور پاکستان نے دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر قابو پا لیا ہے۔پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ اس پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا راز اقتصادی راہداری سے وابستہ ہے۔مستقبل مواصلاتی رابطوں کا عہد ہے جس کی جدید ترین شکل پاک چین اقتصادی راہداری کی شکل میں سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسط ایشیا سمیت دنیا کے کئی ممالک سی پیک سے غیر معمولی امیدیں وابستہ کررہے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ انجینئرنگ کونسل اور دیگر تمام قومی ادارے اس معاملے میں اپنی ذمے داریوں کو خوب اچھی طرح سمجھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی معیارات کو مدنظر نہ رکھا گیا تواقتصادی راہداری سمیت ہم جن مختلف امکانات سے فیض یاب ہونے کے خواب دیکھ رہے ہیں، ان کی تعبیرمشکل ہو جائے گی۔ صدر مملکت نے امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے تبادلہ خیال سے انجینئرنگ کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں بہتری آئے گی۔ صدر مملکت نے خواہش کا اظہار کیا کہ انجینئرنگ کونسل اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومت کوقابل عمل تجاویز پیش کرے۔دریں اثناء صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ نظم و نسق میرٹ پر سختی سے عملدرآمد‘ شفافیت کے اصولوں اور ضوابط پر عملدرآمد بہتر نظام حکومت کی کلید ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے انداز کار نے اسے ملک کے لئے قابل اعتماد ادارہ بنا دیا ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین نوید اکرم چیمہ سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں اور لڑکیوں کا سول سروس میں آنا خوش آئند بات ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ تعلیم کے معیار کو بہتر بنا کر ملک کے ہر حصے کے نوجوانوں کو سول سروس میں شامل ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔
پاکستان نے دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر قابو پالیا: صدرممنون
Feb 14, 2018