راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں چیف آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے، مشترکہ سوچ اور تحمل سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد افغان پناہ گزینوں اور غیر موثر سرحدی سکیورٹی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، پاکستان سے دہشتگردوں کا خاتمہ کردیاہے، پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، دوسروں سے بھی توقع رکھتے ہیں ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے ختم کردئیے ہیں۔ تمام چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اجتماعی طرز فکر اختیار کر نے اور تسلسل کی ضرورت ہے اور اس کےلئے پاکستان اپنا کر دار ادا کرنے کےلئے تیار ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے ختم کردئیے ہیںدہشتگردوں کو آپریشن رد الفساد کے ذریعے تلاش کر کے نشانہ بنانے کا عمل جاری ہے۔ کانفرنس میں پاک آرمی کے سربراہ کے علاوہ کمانڈر یو ایس سینٹکام، کمانڈر ریسولٹ سپورٹ مشن (آر ایس ایم) اور افغانستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے آرمی چیف بھی شریک تھے۔ کانفرنس کا اختتام خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔
خطے کے امن و سلامتی کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے: آرمی چیف
Feb 14, 2018