لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنوازنے کہا ہے کہ محکمہ تحفط ماحول کی خصوصی ٹیمیں صوبہ بھر میں آپریشن کے ساتھ ساتھ پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کے لیے اس کے نقصانات سے متعلق آگاہی مہم کامیابی سے جاری کیے ہوئے ہیںجس کے دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔ اس امر کا اظہار صوبائی وزیر نے آج اپنے دفتر میں محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیتھین بیگ کا کاروبار کرنے والوں سے بات چیت کے عمل کو مزید موثر کیا جائے اور دکاندار وں کو اس کی خرید کے عمل سے باز رکھنے کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ سیاہ شاپرز اور پندرہ مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز کی تیاری خریدو فروخت پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بیماریوں اور اس سے پیدا ہونیوالے مسائل سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ڈائریکٹر تحفظ ماحول نسیم الرحمن نے پولیتھین بیگز کے تدارک کے لیے پنجاب میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈائریکٹرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم چیمہ ،ڈائریکٹر آپریشن نسیم الرحمان شاہ اور ضلعی ٹیموں کے سربراہان اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔