چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ علی ترین کو ٹکٹ خوشی سے نہیں مجبوری میں دیا تھا،ہمارے پاس وقت کم تھا اور علی ترین کے علاوہ حلقے میں اس وقت کوئی دوسرا بہتر امیدوار نہیں تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے این اے 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں اپ سیٹ شکست کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ علی ترین کو ٹکٹ خوشی سے نہیں مجبوری میں دیا تھا کیونکہ ہمارے پاس وقت کم تھا اور علی ترین کے علاوہ حلقے میں اس وقت کوئی دوسرا بہتر امیدوار نہیں تھا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ صرف 6 ہفتوں کی مہم کے بعد 92 ہزار ووٹ حاصل کر لینا بھی ایک بہت بڑی بات ہے۔ شکست کی وجوہات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا ہے کہ لودھراں میں ن لیگ نے بے تحاشہ پیسا لگایا، اسی باعث ہماری پارٹی کے کچھ لوگ آخری وقت میں ن لیگ میں شامل ہوگئے۔ اور یہی بات ضمنی الیکشن میں شکست کی وجہ بنی۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل جہانگیر ترین کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 154 لودھراں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کو ن لیگ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔