کراچی میں کثیرالملکی بحری مشقوں کا اختتام

Feb 14, 2019

خطے میں امن کیلئے پُرعزم ہیں۔ صدرمملکت۔ آرمی چیف نے بھی آخری روز کثیرالملکی بحری مشقوںکا معائنہ کیا۔ آرمی چیف نے سری لنکن نیول چیف سے بھی ملاقات کی۔ بھارت اسرائیل سے 110 جدید ہاروپ ڈرونز اور امریکہ سے اربوں روپے کی 72 ہزار خودکار اور 93ہزار کاربین رائفلز خریدے گا۔
پاکستان نیوی کی 46 ممالک کے ساتھ بحری فوجی مشقوں کے آخری روز صدرمملکت عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کثیرالملکی بحری مشقوں میں پاک بحریہ کی حربی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔ اس قسم کی مشقوں سے پاکستان بحریہ کو دنیا کے مختلف ممالک سے آئے بحری فوج کے دستوں ‘ ان کے اسلحہ اور مہارت سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے جو وقت کی ضرورت ہے۔ کیونکہ ہماری زمینی اور فضائی سرحدوں کی طرح ہماری سمندری حدود کی حفاظت بھی نہایت ضروری ہے۔ ہمیں جس شاطر اور مکار پڑوسی دشمن کا سامنا ہے ‘ وہ ہر وقت ہمیں نیچا دکھانے اور ہمیں نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف رہتا ہے۔ حال ہی میں بھارت نے پاکستان کی سرحدوں کی نگرانی کیلئے اسرائیل سے جدید ہاروپ ڈرونز خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس طرح امریکہ سے بھی وہ حربی خودکار اور کاربین رائفلز خرید رہا ہے جس سے وہ پاکستان سے ملحقہ سرحدوں پر اپنے فوجیوں کو لیس کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔ ان حالات میں ہمیں اپنی مسلح افواج کو ہمہ وقت تیار رکھنے کیساتھ ساتھ انہیں بری‘ بحری اور فضائی میدان میں اعلیٰ اور جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے اور کثیرالملکی فوجی مشقوں کی ضرورت ہے تاکہ ہماری فوج کی حربی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور وہ اپنے دشمن کے دانت کھٹے کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہو۔ اس لئے ہمیں ہر وقت اپنے گھوڑے تیار رکھنا ہونگے۔

مزیدخبریں