تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کو لیکر جانے والی بس کو خود کش بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں41 اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے حملے کے پیچھے چھپے افراد کو ضرور سزا ملے گی۔ پاسداران انقلاب صوبہ سیستان سے صوبہ بلوچستان کے شہر زاہدان سے خاش جا رہے تھے کہ ان کی بس کو خود کش بم سے نشانہ بنایا گیا پاسداران انقلاب کے مرکز سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خود کش کار بس سے ٹکرائی جو اہلکاروں کو ان کے گھروں میں چھوڑنے جا رہی تھی رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ جیش العدل نے قبول کر لی ہے۔ پاسداران انقلاب کی گاڑی کو ایک ایسے وقت میں دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا ہے جب دو روز قبل ہی ایران میں 1979ءمیں آنے والی اسلامی انقلاب کی 40 سال گرہ منائی گئی تھی۔ خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے ان صوبوں میں بلوچ علیحدگی پسندوں اور ایرانی فورسز کے درمیان وقتاً فوقتاً جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جبکہ اس صوبے میں انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے اسمگلنگ کے راستے بھی موجود ہیں۔
ایران