شہباز شریف کی پی اے سی سربراہی کیخلاف ا گلے ہفتے سپریم کورٹ جاﺅں گا: شیخ رشید

میانوالی+ بھکر+ کندیاں+ واں بھچراں (نامہ نگاران) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تھل ایکسپریس کا میانوالی میں افتتاح کر دیا۔ ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان بھی موجود تھے اور عوام کی بڑی تعداد بھی جمع تھی۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کندیاں تا راولپنڈی چلنے والی ریل کار کو بحال کیا جائے لیکن شیخ رشید نے عوام کے مطالبے کا کوئی جواب نہ دیا۔ شیخ رشید احمد نے ماڑی، میانوالی، سرگودھا، لاہور ریل کار چلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم پاکستان کو عالمی سطح پر اعلیٰ مقام دلائیں گے۔ پی ٹی آئی کی حکومت سول سرونٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوںپر حل کرے گی اور ہم ریلوے کو ایک مثالی ادارہ بنا کر رہیں گے۔ ایک چور ہمیں پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کا چیئرمین قبول نہیں۔ تیار ہوجاﺅ شہباز شریف میں تمہیں پی اے سی سے نکلوا کر رہونگا۔ قوم عمران خان کا ساتھ دے۔ ملک کی تقدیر بدلنے نکلے ہیں، قوم تیار رہے پورے پاکستان میں شہباز شریف کے پتلے جلائے جائینگے۔ قوم ساتھ دے، وقت قریب ہے جب شہباز شریف کے گریبان سے پکڑ کر سڑکوں پر گھسیٹا جائیگا۔ ڈاکوﺅں، چوروں، لٹیروں کو ملک سے بھاگنے نہیں دینگے۔ شیخ رشید احمد نے شہباز شریف کیخلاف جذباتی خطاب کرتے ہوئے اپنا ہاتھ منہ پر پھیرتے ہوئے ظاہر کیا کہ شہباز شریف ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ چور، ڈاکو، لٹیروں نے سازش کے تحت پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں اپنا نام ڈلوایا۔ عمران خان نے مجھے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا رکن بنایا ہے۔ میں پبلک اکاﺅنٹس کا رکن بن چکا ہوں۔ سپیکر کا کوئی اختیار نہیں کہ میرا نام روکے۔ سپیکر ایک پوسٹ آفس ہے جس دن چاہوں پی اے سی میں جاﺅں گا۔ اگر کوئی روک سکتا ہے تومجھے روک لے جو کہہ رہیں اسمبلی چلنے نہیں دیں گے وہ خود نہیں چل پائیں گے۔ کسی کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

شیخ رشید

ای پیپر دی نیشن