جمعہ کی چھٹی سود خاتمے کیلئے بھی اقدامات کرینگے : وزیر مذہبی امور

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرزکے کم خرچ پر حج کرانے کے دعوے جھوٹے ہیں، عوام سستے حج کے چکر میں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں، 80 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 10ہزار کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔ 3 سال سے قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والوں کیلئے بھی 10 ہزار کا کوٹہ مختص ہے۔ پریس کانفرنس کرتے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کم خرچ پر حج کرانے کے دعوے جھوٹے ہیں اگر کوئی پرائیویٹ ٹور آپریٹر سرکاری کوٹے سے کم خرچ پر جمع کراسکتا ہے تو ہم اس کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں گے اس کی بھرپور سپورٹ کریں بلکہ اس کو ایوارڈ بھی دیں گے۔ حکومت کی یہ ہرگز پالیسی نہیں ہے کہ حج مہنگا کردیا جائے یا لوگوں کودوران حج کوئی مشکلات پیش آئیں وزارت مذہبی امور کا کام حاجیوں کو سہولیات فراہم کرناہے حاجیوں کی بہتر سے بہتر خدمت کرنا ہے۔کچھ رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز ہیں جن کی تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر موجود ہے اگر کوئی حاجی ان کے ذریعے حج کرناچاہتا ہے تو ضرورکرے تاکہ بعد میں کوئی مشکلات درپیش نہ ہو۔اس دفعہ حج اخراجات میں کچھ اضافہ ضرور ہوا ہے مگر حج اقدامات میں خاطر خواہ بہتری لائی گئی ہے ۔ حج سے متعلقہ سعودی حکام سے ملاقاتوں میں ہم نے بہتر سے بہتر حج اقدامات کرنے پر زور دیا جس پر انہوں نے ہماری بہت پذیرائی کی اور پاکستان کو اس دفعہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کا عہد کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم پہلے لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس کو یہ سہولت دیں گے اگر یہاں سے کامیابی ملی تو پھر باقی شہروں کو بھی یہ سہولت فراہم کریں گے جبکہ وزارت مذہبی امور کوشش کررہی ہے کہ اسلام آباد اور پشاور کوبھی اس میں شامل کیاجائے روڈ ٹومکہ پالیسی سے حج امیگریشن آسان ہو جائے گا ۔ ہم نے سعودی عرب سے ای ویزا کے لئے بھی درخواست کی ہے جس پر انہوں نے کہاکہ ہم اس پر بھی غور کریں گے اس دفعہ انشاءاللہ کوئٹہ سے مدینہ اور جدہ تک ڈائریکٹ فلائٹ ہوں گی اس سلسلے میں ہماری بات ہوچکی ہے۔ ہمیں یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس بار منیٰ میں دیا جانے والا کھانا تازہ اور پاکستانی ذ ائقے کے مطابق ہوگا ۔ گلگت بلتستان کے حجاج کو تربیت کےلئے وہیں پر عارضی حاجی کیمپ کا بندوبست کیا گیا ہے۔حج فارم کو انتہائی آسان بنا دیا گیاہے ہم چاہتے ہیں کہ ہر حاجی 5 سے 6 ورکشاپس میں ضرور حصہ لے ۔ سوشل میڈیا پر بھی حاجیوں کی سہولت کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حج اخراجات میں اضافے کی وجوہات میں کرنسی ایکسچینج ریٹ میں اضافہ بھی ہے تاہم بھارت ، بنگلہ دیش ، ایران ، ملائیشیاءاور انڈونیشیاءکے مقابلے میں ہمارے حج اخراجات کم ہیں۔ امور نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی حکومت نے حجاج کو کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔پہلی مرتبہ پاکستان سے سرکاری کوٹہ کے تحت حج کرنے والے افراد کو مشاعر ٹرین کی ٹکٹ فراہم کی جائے گی۔پاکستان کے حج معاونین،حج خادمین کو کیمپ میں رسائی نہیں دی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ سعودی حکومت انہیں رسائی دی جائے گی۔ہم بائی روڈ حج کے خواہاں ہیں لیکن ابھی تک سعودی حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی۔ جمعہ کی چھٹی اور سود کے خاتمے کےلئے بھی اقدامات کریںگے۔ سعودی حکومت ہمارے لئے ای ویزہ کی فراہمی کا بندوست کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ آسانی ہوسکے عازمین بغیر لائن جدہ ائرپورٹ سے نکل جائیں گے۔ اگر سابق حکومتیں اقتصادی حالت بہتر چھوڑ جاتیں تو آج سارے لوگ صاحب استطاعت ہوتے اور حج کرتے، مدینہ کی ریاست قائم کررہے ہیں، عوام کی استطاعت بڑھائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی حج اخراجات مےں اضافہ کی بڑی وجہ ہے۔ وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ ملک کی معیشت بہتر ہو تو مفت حج بھی کرایا جا سکتا ہے۔ سعودی شاہ سے پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافے کی بات بھی کریں گے۔ شراب ممانعت کے اقلیت کے بل کی حکومت حمایت کرتی ہے اور یہ معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد ہے۔
وزیر مذہبی امور

ای پیپر دی نیشن