لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) لاہور کو خوبصورت بنانے اورپی ایس ایل کے میچز کے لیئے لاہور قلندرز اور لاہور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایک ہو گئے۔ لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں پی ایس ایل کے لاہور میچز کو یادگار بنانے کیلئے معاملات طے پا گئے۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی مرتبہ اپنے شہر میں کھیلے گی۔ لاہوریوں کی طرح وہ بھی پی ایس ایل کے میچز کے لیئے پرجوش ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ لاہور قلندرز کے ساتھ کلین اینڈ گرین پاکستان کی طرح کلین اینڈ گرین لاہور کی مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی حکومت لاہور قلندرز کے ساتھ مل کر شہر کا بہترین امیج پیش کریں گی۔ لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ ضلعی حکومت ک ساتھ مل کر لاہور کا مثبت امیج دنیا کو دکھائیں گے جبکہ کھیل ، ثقافت اور فو ڈ کے میدان میں ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر نئے اقدامات کریں گے ۔لاہور قلندرز کے میچز کے دوران ضلعی حکومت کے ساتھ لائیو سکریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔