ایف بی آر کے چھاپوں پر ملک بھر کے تاجروں کو تشویش ہے:نعیم میر

لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے چھاپوں اوررویے سے صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے ایف بی آر اپنا رویہ بدلے۔تاجر غیر معینہ مدت کیلئے ایف بی آر کے دفتر کا گھیرائو اوردھرنا بھی دے سکتے ہیں، شٹر ڈائون کی کال بھی دے سکتے ہیں، ہم ایف بی آر لاہور کو سات دن کا وقت دے رہے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر معاملات کو طے کرلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک امانت، میاں وقار، ملک کلیم، عمران بشیر،عبدالودودعلوی، ملک نعیم، لالہ یاسر، ملک فاروق، صدام اطہر خان ، ملک طاہر، شیخ عرفان ، شیخ اسراراور ملک ذوالفقارسمیت صوبائی دارالحکومت کی مختلف مارکیٹوں کے صدورر اور عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ہے۔ نعیم میر نے کہاکہ ایف بی آر نے مختلف مارکیٹس اور بازاروںمیں نوٹس دینے اورچھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اس سے لاہور سمیت ملک بھر کی تاجر برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے،تاجربرادری شدید مضطرب ہیں کہ اگر ایف بی آر کا یہی رویہ رہا اورانہوںنے اپنی روش کو نہ بدلا تو ہمیں اپنا اگلا لائحہ عمل کیا اختیار کرنا چاہئے، ایک روزقبل ایف بی آرنے اسی طرز پر چھاپہ مارا جس طرز پر دہشت گردوں یا ملک دشمنوں کیخلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ تاجر کے ذمے اتنے واجبات نکلیں یا نہ نکلیں لیکن سرِ بازار اس کی عزت برباد کردینا زیادتی ہے۔ہم تجویز کرتے ہیں کہ ایف بی آر ریجنل سطح پر بورڈ تشکیل دے جس میں چیمبر، فیڈریشن، انجمن تاجران، ٹیکس بار ایسوسی ایشن کو شامل کریں۔

ای پیپر دی نیشن