اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مزید 6 مجالس قائمہ کے چیئرمینوں کا انتخاب مکمل ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے جاوید لطیف نجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ تحریک انصاف کے خرم نواز راجہ مجلس قائمہ برائے داخلہ اور تحریک انصاف کے ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ مجلس قائمہ برائے خارجہ کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کی مجالس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات، خارجہ اور داخلہ کے الگ الگ اجلاس ہوئے جن میں کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب کیا گیا۔قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے چیئرمین شپ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے میاں جاوید لطیف کا نام تجویز کیا جس کی ناز بلوچ اور رکن سیما ندیم نے تائید کی جس کے بعد میاں جاوید لطیف اطلاعات و نشریات کمیٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ مجلس قائمہ برائے خارجہ کا اجلاس سیکرٹری کمیٹی کی زیر صدارت ہوا، جس میں تحریک انصاف کے رکن رمیش کمار نے چیئرمین شپ کیلئے ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کا نام تجویز کیا، جس کی دیگرارکان نے تائید کی جس کے بعد ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ خارجہ کمیٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کااجلاس بھی سیکرٹری کمیٹی کی زیر صدارت ہوا جس میں رکن کمیٹی سردار طالب حسین نے چیئرمین شپ کیلئے راجہ خرم نواز کا نام تجویز کیا جس کی دیگر ارکان نے تائید کی جس کے بعد راجہ خرم نواز مجلس قائمہ برائے داخلہ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔ اسی طرح بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)کے آغا حسن بلوچ مجلس قائمہ برائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد حسین مگسی مجلس قائمہ قومی صحت اور تحریک انصاف کے محمد نجیب ہارون مجلس قائمہ برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔