سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سعودی امدادی پیکیج ولی عہد نے میرے ساتھ طے کیا تھا، انشااللہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی، اگررہائی ملی تو رائے ونڈ جاتی عمرہ جاؤں گا، ہسپتا ل کون جانا چاہتا ہے، صبح موسم دیکھا تو جی چاہا جیل کی بجائے مالم جبہ میں ہونا چاہئے ۔لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے لیگی رہنماؤں کی ملاقاتوں کے دوران نوازشریف نے بتایا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی بات چیت ان کے دورمیں فائنل ہوئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی امدادی پیکج ولی عہد نے میرے ساتھ طے کیا تھا، بین الاقوامی معاملات طے ہونے میں وقت تو لگتا ہے۔نواز شریف کاکہنا ہے کہ موجودہ حکومت ہمارے منصوبے ری لانچ کر رہی ہے، (ن) لیگ کے ہیلتھ کارڈ میں کریڈٹ بھی پی ٹی آئی والے لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے شہباز شریف پر جو مقدمات بنائے اس پر نیب کو شرمندگی اٹھانا پڑی، پنجاب میں نیب نے ترقیاتی کاموں پر کیس بنائے، کے پی کے والوں کے خلاف کچھ نہیں کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوتے تو آج لوگ اورنج لائن ٹرین میں سفر کر رہے ہوتے، ہم لاہور ملتان موٹر وے تیار چھوڑ کر آئے مگر ان سے وہ مکمل نہیں ہو پا رہا۔انہوں نے کہا کہ لاہور ملتان موٹروے کا ان سے لاہور میں انٹرچینج نہیں بن پا رہا، ہمارے منصوبوں کا کریڈٹ ضرور لیں لیکن عوام کے لیے انہیں کھول تو دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بلوچستان ہائی ویز کا جال بچھ گیا تھا، شہباز شریف نے متعدد پاور منصوبے بنائے، مگر کے پی کے والوں سے ایک منصوبہ نہیں بن سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ہم نے شروع کی، میں پاکستان کرکٹ کی ترقی کیلئے دعاگو ہوں۔نواز شریف سے صحافی نے سوال کیا کہ جیل سے گھر جانا چاہیں گے یا ہسپتال؟نواز شریف نے جواب دیا کہ ہسپتا ل کون جانا چاہتا ہے، صبح موسم دیکھا تو جی چاہا جیل کی بجائے مالم جبہ میں ہونا چاہیے، اگررہائی ملی تو رائے ونڈ جاتی عمرہ جاؤں گا اور انشااللہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی۔سابق وزیر اعظم نے ملاقات کے لیے آنے والوں کو حالت پوچھنے پر شعر میں جواب دیا کہ صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے
زندگی یوں ہی تمام ہوتی ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت نے میری صحت سے متعلق چار بورڈ بنائے،ان سب بورڈز نے میرے دل کی تکلیف ظاہر کی ہے۔نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف نے نیب کا قانون مجھے فوکس کر کے بنایا، ابتدا میں ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ نیب کا قانون اتنا خطرناک ہوگا۔ادھر نواز شریف سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کوٹ لکھپت جیل پہنچیں۔جیل کے باہرشیڈ نہ ہونے کی وجہ سے (ن) لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کو بارش میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا.
سعودی امدادی پیکج ولی عہد نے میرے ساتھ طے کیا تھا,انشااللہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی:نواز شریف
Feb 14, 2019 | 15:23