لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ فائیو کھیلنے آئے پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ پاکستان آکرہمیشہ اچھا لگتا ہے، یہ گھرجیسا ہے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں سب سے پہلے پاکستان آیا اور اردوکے لیے گوگل ٹرانسلیٹر رکھا ہوا ہے۔ مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہورہا ہے، اس کیلئے پرجوش ہوں۔ پی ایس ایل کیلئے بیٹنگ پریکٹس کررہا ہوں، پاکستان میں کرکٹ کی واپسی سب کیلئے بہت معنی رکھتی ہے۔ پشاور زلمی انفرادی پرفارمنس پر یقین نہیں رکھتے، ہم بحیثیت ٹیم کھیلتے ہیں۔ تیاری کیلئے سٹیڈیم آیا ہوں،بے صبری سے پی ایس ایل فائیو کا انتظار ہے۔ ملتان سلطانز کے روی بوپارہ اور کوچ اینڈی فلاور بھی پہنچ گئے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے لیوک رونکی، فل سالٹ، کولن انگرام اور رائلی روسوو ہفتے کو کراچی پہنچیں گے۔ البتہ ڈیل سٹین کی آمد کا شیڈول ان کی آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں شمولیت سے مشروط ہے۔ انگلینڈ کے معین علی 18 فروری کو پہنچیں گے، معین علی ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ڈیوڈ ملان بھی 18 فروری کو پہنچیں گے۔ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی بھی ہفتے کی شب سے پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔
پاکستان گھر جیسا‘آکر ہمیشہ اچھا لگتا ہے: ڈیرن سیمی
Feb 14, 2020