کراچی (نیٹ نیوز) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھائی بہن کی جانب سے اپنی ماں کی لاش تقریباً دس سال تک گھر کے ڈیپ فریزر میں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے متوفی خاتون کے بھائی محبوب کو حراست میں لے لیا ہے۔ واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 11 میں کریسینٹ اپارٹمنٹس میں پیش آیا ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ انھیں کچرے سے برہنہ حالت میں 62 سے 65 سالہ عورت کی لاش ملی تھی جو 10 سے 12 سال پرانی ہے اور گل سڑ چکی ہے۔ اب یہ لاش ایدھی سرد خانے میں موجود ہے۔ ایس ایس پی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق محبوب کو کچرے میں انسانی ڈھانچہ پھینکتے ہوئے پکڑا جس نے بتایا ہے کہ یہ لاش اس کی بہن ذکیہ زیدی کی ہے جو دس گیارہ سال قبل انتقال کر گئی تھیں، لیکن ان کی بیٹی اور بیٹے نے لاش دفنانے کے بجائے گھر کے ڈیپ فریزر میں رکھ دی تھی۔ غیر شادی شدہ بھانجا اور بھانجی فلیٹ میں اکیلے رہتے تھے کچھ ماہ قبل ان کا بھی انتقال ہوگیا۔ ایس پی گلشن شاہنواز چاچڑکا کہنا ہے پوسٹ مارٹم رپورٹ سے واضح ہوگا کہ عورت کی موت طبعی تھی یا انہیں ہلاک کیا گیا تھا۔ پڑوسیوں نے پولیس کو بتایا کہ بہن اور بھائی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔