اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فروخت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا ہتھیاروں کی دوڑ کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، بھارت کو ائیر ڈیفنس سسٹم کی فروخت پرتشویش ہے۔ دفتر خارجہ نے خبردار بھی کیا کہ ترک صدراور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان کیدوران بھارت کوئی غیرذمہ دارانہ قدم اٹھا سکتا ہے، پاکستان نیعالمی برادری کوبھارتی فالس فلیگ آپریشن کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے، بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کو امریکا کی جانب سے بھارت کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فروخت پر تشویش ہے اور امریکی فیصلے سے خطے کے استحکام پر سنجیدہ اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا ہتھیاروں کی دوڑ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ امریکی صدر ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو جدید فضائی دفاعی نظام (ایڈوانسڈ انٹرڈکشن ویپن سسٹم– اے آئی ڈبلیو ایس) کی فروخت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔ عالمی برادری پاکستان کیخلاف بھارت کے جارحانہ عزائم اور بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے دھمکی آمیز بیانات سے بخوبی آگاہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں عدم استحکام کی کوششوں سے روکے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کئی بار کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے، تاہم ان پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ امریکی صدر دورہ بھارت کے دوران یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پر امید ہیں جبکہ عالمی شراکت دار ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کی جانب سے سیز فائر خلاف ورزیوں سے متعلق ترجمان نے کہا کہ رواں سال کے دوران بھارت اب تک 272بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید اور 25 بے گناہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بارہا عالمی برادری کو خبر دار کرچکے ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے 193 ویں روز مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارت مسلسل 2003 کے جنگ بندی انتظامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی اٹامک ایجنسی ویانا میں عالمی نیوکلئیر سیکیورٹی کے حوالے سے کانفرنس منعقد کر رہی ہے، پاکستان بھی اس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔
کشمیر ثالثی: ٹرمپ کی پیشکش پر عملدرآمد چاہتے ہیں، بھارت کیلئے امریکی دفاعی نظام تشویشناک، پاکستان
Feb 14, 2020