لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگانے کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پہلے مرحلے میں پلاسٹک بیگ کا استعمال مکمل طور پر ترک کر دیں۔ عدالت نے پہلے مرحلے میں لاہور کے تمام ہول سیلرز کی جانب سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹل سٹورز اور ہول سیلرز دو ہفتوں میں پلاسٹک بیگز کے متبادل انتظامات مکمل کریں۔ محکمہ تحفظ ماحول لاہور کے تمام بڑے سٹورز کو عدالتی حکم سے آگاہ کر کے عملدرآمد رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے صارفین کیلئے عدالتی حکم تمام بڑے سٹورز پر نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔ محکمہ تحفظ ماحول کی رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ محکمہ تحفظ ماحول مٹی میں زائل ہونے والے شاپنگ بیگز کا استعمال شہر کے تمام بڑے سٹورز کیلئے لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ پلاسٹک بیگز ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا بڑا سبب ہیں جن پر پابندی عائد کرنا لازم ہے۔ کیس کی مزید سماعت آج ہو گی۔