لاہور/ سرگودھا (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سرگودھا میں چیمہ ہائوس میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام تکلیف میں ہوں تو سیاسی جماعتوں کو اس کے حل کیلئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے آنا چاہئے، سیاست کیلئے بہت مواقع آتے رہتے ہیں، ملک سب کا ہے کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں، ملکی مفاد پر سیاسی جماعتوں میں تقسیم نہیں ہونی چاہئے، کم از کم ایک ایجنڈا ایسا ہونا چاہیے جس پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہو، بلدیاتی ادارے مہنگائی سمیت تمام عوامی مشکلات کو کنٹرول کر سکتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، سرگودھا سے تنزیلہ بی بی ہماری امیدوار ہوں گی۔ ہر جماعت اس وقت سیاست کر رہی ہے ملک اور غریب آدمی کا کچھ نہیں سوچ رہی، ملکی مفاد میں تمام جماعتوں کو اپنے اپنے مفادات پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان اور غریب عوام کیلئے مثبت تجاویز دینی چاہئیں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہماری جماعت سپورٹ کر رہی ہے، قومی اور صوبائی سطح پر حکومت کو ڈیلیور کرنے میں جن مشکلات کا سامنا ہے ان پر ہم تجاویز دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بہت بہتری آئی ہے، تمام ارکان اسمبلی کو صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ اسمبلی کا وقار بڑھے، اس سلسلے میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ایوان اچھے انداز میں چلے۔ عمران خان نیک نیت ہیں۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) اکٹھی چل رہی ہے۔ اس موقع پر تنزیلہ عامر چیمہ نے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ کے کارکنوں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں چودھری پرویزالٰہی کو قصر سلطان آمد پر خوش آمدید کہتی ہوں، بطور وزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے سرگودھا کو مثالی شہر بنایا، 1122، میڈیکل کالج، پکی سڑکیں پکے کھالے بنا کر سرگودھا کی ترقی میں اضافہ کیا۔