ماڈل ٹاؤن انتظامیہ نے سینئر سیٹیزنز سے صبح کی سیر کا حق چھین لیا

لاہور (پ ر) ماڈل ٹاؤن سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے ماڈل ٹاؤن کوآپریٹو سوسائٹی کی طرف سے نماز فجر سے لیکر 8 بجے صبح تک ماڈل ٹاؤن پارک میں صبح کی سیر کے لئے آنے والے ماڈل ٹاؤن سے باہر کے رہائشیوں کے لئے ٹکٹ لگائے جانے کے فیصلے پر شدید احتجاج کیا ہے۔


ابھی کچھ دن پہلے پارکنگ کی فیس 20 روپے سے 30 روپے کی گئی ہے اور اب انٹری فیس کا دھماکہ۔ یاد رہے کہ صبح کی سیر کے لئے ماڈل ٹاؤن پارک کا رخ کرنے والوں کی اکثریت کا تعلق ریٹائرڈ لائف گزارنے والے اور عمر رسید افراد سے ہے جو اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ادویات پر انحصار کرنے کی بجائے صبح کی سیر کے ذریعے تندرست رہنا چاہتے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن پارک میں صبح کی سیر کے لئے آنے والوں نے پارک میں داخلے کی ٹکٹ کے فیصلے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اسے انتہائی غیر دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت باقاعدگی سے سیر کی اہمیت اجاگر کرنے پر زور دے رہی ہے۔


اور دوسری جانب ماڈل ٹاؤن انتظامیہ نے سیر کی حوصلہ شکنی کے لئے صبح کی سیر پر ٹکٹ عائد کر کے معاشرے کو بیماریوں کی زد میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ماڈل ٹاؤن سے باہر کے رہائشیوں نے ماڈل ٹاؤن پارک میں صبح کی سیر پر ٹکٹ کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور سیکرٹری کوآپریٹو سوسائٹیز سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن