کراچی(کامرس رپورٹر) ہیئرڈریسراینڈ بیوٹیشن ویلفیئرایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹڑی ناصر محمود جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھر کی ہیئرڈریسرز اور بیوٹیشنز برادری کو ایک چھتری تلے لانے کی جدوجہد تیز کی جارہی ہے اور خدمت گروپ بلوچستان کے صدر اکرم پاشا کی ہمارے اس مشن میں شمولیت کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاراپنی جانب سے صدر ہیئرڈریسر خدمت گروپ بلوچستان اکرم پاشا کے اعزاز میں دیئے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصدر ہیئرڈریسراینڈ بیوٹیشن ویلفیئرایسوسی ایشن آف پاکستان ایم اے انور، محمداسلم، مہدی خان اوردیگر ممبران بھی موجود تھے۔ناصر محمود نے کہا کہ ہیئرڈریسراور بیوٹیشن برادری نے ہمیشہ اپنے نمائندوں کا انتخاب جمہوری روایات کے مطابق کیا ہے اور ہم نے بھی اپنے لیڈر ایم اے انور کی قیادت میںاپنی برادری کیلئے خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور آئندہ بھی انکے مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے۔اس موقع پر ایم اے انورنے کہا کہ ہم ماضی کی طرح آئندہ بھی برادری کے مسائل حکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرانے کی مکمل جدوجہد کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس خوفناک دور میں ہیئرڈریسرز برادری مشکلات سے اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے اورتمام تر اشیاء کے نرخ بڑھ جانے کے باوجود ہم نے مہنگائی کے تناسب سے ریٹس میں اضافہ نہیں کیا ہے لیکن اگر حکومت نے مہنگائی پر قابو نہ پایا تو پھر ہم بھی نرخ بڑھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اکرم پاشا نے کہا کہ پاکستان بھر کی ہیئرڈریسرزاور بیوٹیشنز کی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اورجلد ہی پاکستان بھر میں نمائندوں کا تقررکیا جائے گا۔