حلب : بشار کی فوج اور ترکی کی فورسز کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ

Feb 14, 2020 | 12:37

ویب ڈیسک

شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق حلب کے دیہی علاقے میں شامی حکومت کی فوج اور ترکی کی فوج کے درمیان توپوں کے ذریعے گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔اس دوران ترکی کی فوج نے حلب کے مغرب میں واقع دیہات میزناز اور الشیخ علی میں شامی فوج کے ٹھکانوں اور تعیناتی کے مقامات کو نشانہ بنایا جب کہ شامی فوج نے الفوج 46 کے اطراف اور حلب کے دیہی علاقے میں ترکی کی فوج کی تعیناتی کے مقامات پر گولہ باری کی۔حلب اور ادلب کے دیہی علاقوں میں وقتا فوقتا متبادل میزائل باری کے سوا مجموعی طور پر خاموشی دیکھی جا رہی ہے۔ شامی فوج میزائلوں کے ذریعے سراقب شہر کے اطراف تعینات شامی اپوزیشن گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتی ہے۔المرصد گروپ کے مطابق الفوج 46 میں تعینات ترکی کی فوج نے کفر حلب نامی قصبے میں شامی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔ روسی فوج کے لڑاکا طیاروں نے بھی کئی فضائی حملے کیے جن میں حلب کے مغربی دیہی علاقے میں کفرناہا قصبے کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مزیدخبریں