عراق کے نامزدوزیراعظم علاوی کی نئی کابینہ حتمی مراحل میں،اعلان اتوار کو ہوگا

Feb 14, 2020 | 12:40

ویب ڈیسک

عراق کے نامزد وزیراعظم محمد توفیق علاوی اپنی کابینہ کی تشکیل کے حتمی مراحل میں ہیں اور وہ اس کااعلان اتوار کو کریں گے۔

عراقی ذرائع کے مطابق ’’وزیراعظم علاوی صدر برہم صالح اور مستعفی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کو نئی کابینہ کے بارے میں مطلع کریں گے اور ان سے پارلیمان کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا کہیں گے تاکہ وہ نئی کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دے سکے۔‘‘

واضح رہے عراق کے صدر برہم صالح نے یکم فروری کو محمد توفیق علاوی کو نیا وزیراعظم نامزد کرکے حکومت بنانے کی دعوت دی تھی اور وہ دومارچ تک اپنی کابینہ کی فہرست منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کرنے کے پابند ہیں۔

عراق کے مقبول عوامی شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر کے ایک مشیر نے گذشتہ اتوار کو خبردار کیا تھا کہ نامزد وزیراعظم علاوی نے سیاسی اشرافیہ کو اپنی کابینہ میں شامل کیا تو انھیں ’’جہنم‘‘ کا سامنا کرنا پڑے گا اور انھیں چند دنوں ہی میں اقتدار سے نکال باہر کیا جائے گا۔

مزیدخبریں