نومولود بچوں کی ہلاکت کےذمہ دار ڈاکٹرکی بحالی کاحکم معطل

Feb 14, 2020 | 14:03

ویب ڈیسک

سپریم کورٹ نے سروسز اسپتال لاہور میں 7 نومولود بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈاکٹر کی بحالی کا حکم معطل کر دیا۔

جمعہ 14 فروری کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے محکمہ صحت کی اپیل کی لاہور رجسٹری میں سماعت کی۔

اپیل میں سروسز اسپتال میں 7 نومولود بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈاکٹر کی بحالی کے ٹربیونل کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بچوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے تعین کا کیا بنا؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر سعید کو جبری ریٹائرڈ کر دیا تھا لیکن پنجاب سروس ٹربیونل نے ایک سال کی انکریمنٹ روک کر نوکری پر بحال کر دیا۔ ڈاکٹر سعید اے سی مینٹیننس کے انچارج تھے۔

فل بینچ نے پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کےلیے منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید کی بحالی کا حکم معطل کر دیا اور فریقین کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔

مزیدخبریں