سعودی دارالحکو مت ریاض کے شاہ سعود میڈیکل سٹی کے شعبہ ہنگامی امداد برائے اطفال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل الروقی نے کہا ہے کہ کوئی ہسپتال ایسا نہ ہوگا جہاں ایسے بچوں کو نہ لایا گیا ہو جنہوں نے کوئی سکہ یا دھاتی چیز نہ نگلی ہو۔ ڈاکٹر فیصل الروقی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طب کے شعبے میں سب سے خطرناک اور مشکل حالات کا سامنا اس وقت کرنا پڑتا ہے جب کسی ایسے بچے کو لایا جاتا ہے جس نے کوئی غیر معمولی چیز نگل لی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک برس کے دوران شاہ سعود میڈیکل سٹی میں عجیب و غریب کیسز لائے گئے جن میں بیٹری سیل اور سیفٹی پن کے علاوہ غبارے اور پلاسٹک کی تھیلی نگلنے کے واقعات نمایاں ہیں۔ہسپتال میں لائے جانے والے کیسوں میں سب سے خطرناک سیفٹی پن کا ہوتا ہے اگر پن کھلی حالت میں ہو تو پن کی نوک بچے کے حلق یا اندرونی مقام میں کہیں پھنس جانے کا قوی امکان ہوتا ہے۔