لاہور(نمائندہ خصوصی)یوم شہداء پولیس سانحہ مال روڈ بڑی عقیدت و احترام سے منایا گیا،پولیس افسروں کی طرف سے شہداء کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا، لاہور پولیس کی طرف سے سانحہ مال روڈ کی چوتھی برسی کے موقع پر شہداء پولیس کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ سارا دن جاری رہا،سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے کیولری گراونڈ قبرستان میں شہید ڈی آئی جی کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی۔سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر) سید حماد عابد،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال،ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی،ایس ایس پیز،ایس پیز،پولیس اور ٹریفک کے افسر اور جوان ہمراہ تھے۔ شہید ڈی آئی جی کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی والدہ بھی دیگر عزیز و اقارب کے ہمراہ تشریف لائیں۔شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر) احمد مبین کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ شہید کیپٹن (ر) احمد مبین کی والدہ نے اپنے بیٹے کیلئے خصوصی دعائیں کیں تو ہر آنکھ پُرنم تھی۔سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر کہا کہ شہید کبھی نہیں مرتا، وہ آج بھی ہم میں موجود ہیں،لاہور پولیس کا ہر شہید روشن ستاروں کی طرح ہمارے دلوں میں جگمگا رہا ہے۔
ٖیوم شہداء پولیس ‘سانحہ مال روڈ عقیدت و احترام سے منایا گیا
Feb 14, 2021