جنوبی افریقی، برطانوی کرکٹرز پاکستان آمدپر کورنا ٹیسٹ کی شرط سے مستثنی قرار

Feb 14, 2021

کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے سفر سے قبل 29 برطانوی اور جنوبی افریقی بین الاقوامی کرکٹرز اور معاون عملے کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کی ضرورت سے استثنیٰ دیدیا گیا ، دیگر شرائط ان کی آمد کے بعد یہاں پوری ہوں گی۔ قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی اے اے نے 20 فروری سے شروع ہونیوالے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت میں آسانی پیدا کرنے کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست کی منظوری دی۔پی ایس ایل 6 کراچی اور لاہور میں شیڈول ہے۔ واضح رہے کہ سی اے اے نے 6 ممالک، برطانیہ، جنوبی افریقہ، برازیل، آئرلینڈ، پرتگال اور ہالینڈ کو سی کیٹیگری والے ممالک میں رکھا ہے۔ اس کیٹیگری میں شامل ممالک کے بین الاقوامی مسافروں پر کورونا وائرس کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائن کے مطابق ملک میں داخلے پر پابندی ہے اور صرف چند شرائط کیساتھ ہی انہیں پاکستان آنے کی اجازت ملتی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ سی کیٹیگری والے ممالک سے آنیوالے مسافروں کیلئے ہیلتھ اتھارٹیز کے ذریعے طے شدہ پی سی آر ٹیسٹنگ، لازمی قرنطینہ اور دیگر رسمی مراحل مکمل کرنا لازمی ہے، لہذا برطانیہ اور جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں اور معاون عملے کو بھی پی سی آر ٹیسٹنگ، لازمی قرنطینہ اور دیگر شرائط کا پابند ہونا تھا۔ ان کے طے شدہ سفر کے شیڈول کے مطابق کھلاڑی اور عملہ قطر ایئرویز، اتحاد ایئر ویز اور ایمریٹس ایئر لائنز کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔ اسی دوران سی اے اے نے کہا ہے کہ 29 جنوری کو کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز میں 28 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں