ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کاپی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی کا دورہ

Feb 14, 2021

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے کوچنگ سنٹر کراچی کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران کراچی سے تعلق رکھنے والے مختلف کھیلوں کے قومی کھلاڑیوں اور کوچز نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کرکے ان کو پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سنٹر کراچی کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولت کے حوالے سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاکہ کھلاڑی قوم کا سرمایا اور ہمارے قومی ہیروز ہیں، یہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے اور ملک میں کھیلوں کی ترقی وزیراعظم عمران خان کے وژن مطابق ہے۔ وفاقی وزیر نے قومی کھلاڑیوں اور کوچز کو یقین دہانی کروائی کہ  قومی کھلاڑیوں اور کوچز کو تربیت کے دوران ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔،  انہوں نے مزید کہا کہ نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو گذشتہ برس کرونا وائرس کی وبا کے دوران فوری طور پر انعامی رقوم سے نوازا گیا، بعد میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مختلف کھیلوں کے کورٹ کا بھی دورہ کیا۔ جن میں باکنسگ ہال، نیٹ بال کورٹ، ہوسٹل، فٹ بال گرائونڈ، جم،  اتھلیٹکس ٹریک اور آرچری سنٹر شامل تھے۔

مزیدخبریں