اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں، کبھی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن آفس کے باہر پی ڈی ایم رہنماؤں سمیت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میں واحد متفقہ وزیر اعظم نامزد ہوا تھا، اپوزیشن نے بھی مجھے ووٹ دیا اس میں کونسا پیسہ ملوث تھا'۔انہوں نے کہا 'آئین کے مطابق الیکشن ہوگا تو لوگ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین میرے عزیز ہیں مگر ان سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ 'اگر ہمیں موقع ملا تو قومی اسمبلی اور سینٹ کی کارکردگی میں بہت بڑا فرق نظر آئے گا'۔'آئین میں ترمیم طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے، جہاں ووٹوں کی بات ہورہی ہے اس موقع پر آرڈیننس آئے گا تو بہت سارے خدشات ذہن میں آئیں گے۔انکا کہنا تھا کہ 'یہ حق صرف پارلیمنٹ کا ہے اور صرف وہ آئین میں ترمیم کرسکتی ہے'۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے سینیٹ میں خواتین کی نشست سے ہماری جماعت سے شیری رحمٰن، پلواشہ خان، خیر النسا مغل کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار فرح اکبر ہونگی۔ انہوں نے کہا دنیا میں کہیں بھی ووٹنگ اوپن بیلٹ نہیں ہوتی، اگر اسکی تبدیلی چاہیے تو پارلیمانی کمیٹی بننی چاہیے جہاں اس پر بحث ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 'اگر سینیٹ انتخابات اوپن ہونگے تو قومی اسمبلی اور صوبائی انتخابات بھی اوپن کرانے پڑیں گے'۔