بھارتی سازشیں اور پاک فوج کا کردار

پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت ایک جانب دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ سیکولر ازم کا پرچارک ہے اور دوسری جانب وہ نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ مقامی سطح پر بھی عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور آئے دن پاکستان کے خلاف سازشیں رچانے میں مصروف رہتا ہے۔بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرنا اور بلااشتعال فائرنگ کرنا معمول بنا لیا ہے جو کہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے لیکن وہ اپنے آپ کو خطے کا تھانیدار سمجھتا ہے اور آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کر کے اپنی بالا دستی ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔حال ہی میں ایل او سی کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی کو بھی بھارت نے فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔بھارت چاہتا ہے کہ خطے میں اس کی بالا دستی رہے سب ملک اس کے باج گزار بن کر رہیں اوراپنے اسی گھنائونے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بھارت نے پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے خلاف ریشہ دوانیاں شروع کر رکھی ہیں۔پاکستان سے تو بھارت کی مخاصمت ہے ہی اب چین سے بھڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور نیپال کو اپنے تھانے داری کے رعب میں لانے کی کوششوں میں بھی جتا ہو ا ہے۔بھارت کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورتحال کا جائزہ لیں تو اقوام متحدہ کے پروگرام برائے انسانی ترقی میں 189 ممالک میں بھارت کا نمبر 131واں ہے۔ انسانی ترقی یا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں یہ نمبر کسی بھی ملک میں قانون کی عمل داری ، مذہبی رواداری ، عوام کی جان و مال کاتحفظ ، نظام قانون کی صورتحال دیکھ کر دئیے جاتے ہیں اور ان تمام معاملات میں بھارت کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ بھارت بھر میں اقلیتوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک کی صورتحال دنیا کے سامنے ہے ۔ مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی ظلم و ستم کا نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے ۔گائو کشی کے نام پر مسلمانوں کو بھارت میں تہہ تیغ کیا جا رہا ہے اور اب تو سکھوں کو کسانوں کے احتجاج کے نام پر جیلوں میں ٹھونسا جا رہا ہے۔ کشمیر کی صورتحال کی بات کریں تو دو سال ہونے کو آئے ہیں وہاں کرفیو نافذ ہے ایک جانب بھارت کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہتا ہے اور اسی اٹوٹ انگ کے شہریوں سے اتنا ڈر رہا ہے کہ انہیں آزادی سے جینے کی سہولت دینے میں بھی ہچکچارہا ہے۔اب تو کشمیریوں کی جاسوسی کیلئے سائبر جاسوس بھرتی کئے جا رہے ہیں جو انٹر نیٹ پر بھی کشمیریوں کی ایک ایک نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی جاسوسی کریں گے ۔الغرض بھارت میں اس وقت مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت مودی سرکار کے ظلم و ستم سے محفوظ نہیں ہے، سکھ ہیں تو وہ سراپا احتجاج ہیں، عیسائی پادریوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور این سی اے جیسا متنازع قانون بنا کر بھارت کو کٹر ہندو ریاست بنانے کی راہ پر کام ہو رہا ہے اور دنیا کو بتایا جا رہا ہے کہ بھارت میں سیکولرازم ہے ہر ایک کو شخصی آزادی ہے ۔ان تمام اندرونی حالات کے باوجود بھارت عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے میں بھی مصروف ہے ۔بھارت اقوام متحدہ اور یورپی یونین میں جا کر واویلا کرتا ہے کہ پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے اور یہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ ہے جبکہ حقیقی صورتحال یہ ہے کہ ویشوا ہندو پریشد، بھارتیہ جنتا پارٹی، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بجرنگ دل سمیت متعدد دیگر ہندو انتہا پسند تنظیمیں بھارت میں اس وقت مصروف عمل ہیں جن کا مقصد ہی صرف اقلیتوں کو دبانا اورہندو ریاست کے خواب کی تعبیر پر عمل کرنا ہے۔ دوسری جانب اگر ہم بھارت کے پاکستان میں دہشت گرد گروپوں سے روابط کو دیکھیںتو یہاں بھی بھارتی سازشیں ،اللہ کی مہربانی اور پاک فوج کی انتھک کوششوں کی وجہ سے بے نقاب ہو رہی ہیں۔ بھارت کے تمام مہرو ں کے چہروں سے ایک ایک کر کے نقاب سرکتا جا رہا ہے اور پاکستان مخالف پراپیگنڈہ مہم کے کردار سامنے آ گئے ہیں۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان مہدی شاہ رضوی نے اعتراف کیا ہے کہ اسے بھارت کی پراکسیز پاکستان مخالف بیانئے کیلئے استعمال کر رہی تھیں۔ مہدی شاہ رضوی کا کہنا ہے کہ مجھے اور میرے جیسے بہت سے نوجوانوں کو پاکستان اور پاکستانی فوج کے خلاف اکسایا گیا اور مالی معاونت کے لالچ میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔مہدی شاہ نے عالمی سطح پر بھارت کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ میں ہیومن رائٹس سیشن کے دوران مجھے پاکستانی فوج کے خلاف بولنے کا سکرپٹ دیا گیا۔ سید حیدر شاہ رضوی (مرحوم) کے بیٹے مہدی شاہ رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیشنل فورمز اور انڈین مافیاز نے ان کے والد کو گمراہ کر کے پاکستان مخالف بیانئے پر مجبور کیا۔اس نوجوان نے بتایا کہ کیسے باہر بیٹھے بھارتی گماشتے پاکستانی نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں انہیں پیسے اور دیگر لالچ دے کر نہ صرف بیرون ممالک میں بلکہ پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرتے ہیں۔ لیکن بھارت کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ افواج پاکستان ہمہ وقت ملک کے دفاع کیلئے کوشاں ہیں اور ان ہی کی بدولت بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے اور اب یہ بھارت کو اپنے پلے باندھ لینی چاہئے کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور اس کے سپاہی دنیا کے بہترین جنگجو ہیں جو اپنے ملک کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں ۔یہ ان بھارتی فوجیوں کی طرح نہیں ہیں جو سخت ڈیوٹیوں سے گھبرا کر خود کشی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔پاکستانی فوج کا ہر سپاہی خالد بن ولید ؓکاوارث ہے جو بستر پر جان دینے کی بجائے میدان جنگ میں شہادت کی موت کو گلے لگانا فخر سمجھتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن