اوپن بیلٹنگ کی مخالفت سمجھ سے بالا،چاہتے ہیں سینٹ الیکشن پر انگلی نہ اٹھ سکے: شبلی فراز

Feb 14, 2021

پشاور (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سینٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے، ہم ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ سینٹ انتخابات پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، شفاف انتخابات کے انعقاد سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے وہ ہفتہ کو پشاور الیکشن کمشن میں سینٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ شفاف انتخابات پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اور شفافیت کے نظام سے قابل اور ماہر لوگ سیاست میں حصہ لے سکیں گے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ سیاست سے پیسے کا کلچر ختم ہو، اپوزیشن کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا، بدقسمتی سے اب تک اپوزیشن نے ماضی سے خود کو الگ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے دوسری مرتبہ سینٹ الیکشن لڑنے کا اعزاز بخشا ہے، ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی سہولتوں کی فراہمی پر خیبرپی کے حکومت مبارکباد کی مستحق ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منتخب نمائندے پارٹی کے امیدواروں کو ہی ووٹ دینگے۔

مزیدخبریں