ڈاکٹر ساجد کے اغواکار گرفتار نہ ہوئے تو پنجاب بھر میں احتجاج کرینگے:پی ایم اے

Feb 14, 2021

 ملتان (سپیشل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ساہیوال میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر ساجد مصطفی کو تاوان کے لئے اغواء کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو صوبہ بھر میں احتجاج کیا جائے گا اٹھارہ روز گزرنے کے باوجود پولیس کی نااہلی کی وجہ سے ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا پولیس ملزمان کو گرفتارکر کے تاوان کی رقم برآمد کرے آج سے ڈاکٹرز احتجاجاً کالی پٹیاں باندھ کر کام کریں گے یہ بات پی ایم اے ملتان ، ساہیوال، اوکاڑہ، چیچہ وطنی ، عارف والا اور پاکپتن کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی انہوں نے کہا کہ معروف چائلڈ سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر ساجد مصطفی کو 25 جنوری کی شام ان کے کلینک کے قریب سے تین مسلح افراد نے اغواء کر لیا تھا  اغوا کے بعد ملزمان نے ڈاکٹر ساجد مصطفی کی رہائی کے لئے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا تھا پولیس نے ملزمان کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا مگر پولیس ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی جس پر اہل خانہ اغوا کاروں سے مذاکرات کرنے پر مجبور ہوئے اور مذکرات کے بعد ملزمان نے تاوان کے عوض رہائی پر آمادگی ظاہر کی اہل خانہ نے قریبی دوستوں اور رشتے داروں سے رقم کا انتظام کیا اور یہ رقم ملزمان کے حوالے کی گئی ڈاکٹر ساجد مصطفی کو اغوا کے دس روز بعد رہائی ملی ساہیوال میں دو سالوں کے دوران اغوا برائے تاوان کی یہ چوتھی واردات تھی مگر پولیس کسی بھی واردات کا سراغ نہیں لگا سکی ہے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز نے وزیراعظم پاکستان ، وزیراعلی پنجاب ، وزیر صحت پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ساجد مصطفٰے کو اغوا کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے تاوان کی رقم برآمد کی جائے

مزیدخبریں