اسلام آباد (نامہ نگار/ چوہدری شاہد اجمل) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایس این جی پی ایل کے صارفین کیلئے درآمدی آر ایل جی 100فیصد جبکہ ایس ایس جی سی کے صارفین کیلئے 200فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔ اوگرا کی طرف سے درآمدی آر ایل این جی کی یو ایف جی (گیس چوری) کے چارجز کی شرح میں ردوبدل سے دونوں گیس کمپنیوں کے تقسیم کار نظام(ڈسٹری بیوشن سسٹم )پر صارفین جس میں گھریلو ، تندور اور سی این جی شعبہ وابسطہ ہیں کیلئے گیس کی قیمتوں میں بالترتیب 100فیصد اور 200فیصد اضافہ ہوجائے گا جبکہ دونوں گیس کمپنیو ں کے ترسیلی نظا م پر موجود صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ ایک صارف نے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ دونوں گیس کمپنیوں کے ترسیلی نظام (ٹرانسمشن سسٹم) پر بڑے بڑے صارفین جس میں آئی پی پیز، کھاد بنانے والی کمپنیاں ، صنعتیں اور دیگر کمرشل صارفین شامل ہیں کیلئے یو ایف جی کی شرح میں کمی کردی گئی ہے، ایک اور صارف نے بتایا کہ اوگرا کے اس فیصلہ سے بڑی بڑی صنعتوں کو مالی فائدہ دیا گیا ہے۔