لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ نے لاہور میں 13 فروری 2017 کو خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سانحے کے پانچ سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ چیئرنگ کراس مال روڈ پر دہشتگردی میں شہید اور زخمی ہونیوالوں نے جرات و بہادری کی بے مثل تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور احمد مبین، ایس ایس پی زاہد گوندل اور پولیس کے دیگر شہدا ملک کا فخر ہیں۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لہو پیش کرنے والے ہر سپوت کو یاد رکھے گی۔ آج کے دن شہدائے چیئرنگ کراس اور انکے ورثا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اے راہ حق کے شہیدو، وفا کی تصویرو؛ تم پیارے وطن کا سرمایہ ہو۔ وزیر قانون نے اپنے پیغام میں یوم سانحہ چیئرنگ کراس کے دوران ہونے والے جانی نقصان پر پنجاب پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔