لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیون کے چھٹے میچ میں بھی کراچی کنگز پشاور زلمی سے 55 رنز سے شکست کے بعد پلے آف مرحلے سے باہر ہو گئی ۔ کراچی کنگز پلے آف مرحلہ سے باہر ہونیوالی پہلی ٹیم بن گئی‘لاہور قلندرزنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے ہرا کر پلے آف مرحلہ کیلئے راہ ہموار کرلی۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے مرحلے کے میچ میںکراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے6وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنائے ۔ حضرت اللہ زازئی 52‘محمد حارث 49‘لیام لیونگ سٹون چھ ‘شعیب ملک 31 رنز، بین کٹنگ 26 اور ردر فورٹ 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ حیدر علی دو اور عماد بٹ ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔کرس جارڈن نے 3 جبکہ عماد وسیم ، عمیدآصف اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز ہی بناسکی۔کپتان بابر اعظم 59‘شرجیل خان 14‘جو کلارک 26‘محمد نبی 15‘ایان کوکبین 14‘عامر یامین چھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ صاحبزادہ فرحان ایک اور کرس جارڈ ن ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ وہاب ریاض ‘سلمان ارشاد نے دو‘دو‘محمد عمر ‘لیام لیونگ سٹون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ محمد حارث کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ کراچی کنگز نے چھ میچ کھیلے اور تمام شکست کا سامنا کرناپڑ اہے ۔ لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہراکر پلے آف مرحلے میں رسائی کی راہ ہموار کرلی ہے۔ لاہور قلندرز نے 142 رنز کا ہدف 14 گیندقبل 2 وکٹوںپر حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے ٹورنامنٹ میں اپنی پانچویں نصف سنچری سکور کی۔ انہوں نے 6 چوکوں کی بدولت 53 رنز کی اننگز کھیلی۔فخر زمان نے عبداللہ شفیق کے ہمراہ 41 ‘کامران غلام کیساتھ75 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ عبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام نے 39 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی بدولت 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔نور احمد اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ان فارم بیٹرز جیسن رائے اور جیمز ونس کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس پہنچا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دباؤ کا شکار کردیا۔ 54 کے مجموعی سکور پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ افتخار احمد نے 39 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی ۔عمراکمل 25 اور حسان خان نے 17 رنز بنائے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں پر 141 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزے اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ لاہور قلندرز نے سات میچ کھیل کر دس پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں ۔ ملتا ن سلطانز کے سات میچوں میں بارہ ‘اسلام آباد یونائٹیڈ کے چھ میچوں میں چھ ‘کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سات میچوں میں چھ ‘پشاور زلمی کے سات میچوں میں چھ جبکہ کراچی کنگز کا چھ میچوں میں کوئی پوائنٹ نہیں ہے ۔