اسلام آباد+ منڈی بہائو الدین (خبرنگار خصوصی+ نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو یہاں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور مجموعی ملکی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا آئینی طریقے سے جواب دیں گے، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں کبھی کامیابی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی ہمارے ساتھ اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے، پی ڈی ایم کی اپنی صفوں کے اندر یکسوئی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ صدقے اس تھانیدار کے جس نے ماں یاد کرا دی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عدم اعتماد منتوں، ترلوں اور سازشوں سے نہیں آتا، اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں، یہ عدم اعتماد نہیں لا سکتے، شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، یہ پٹے ہوئے لوگ ہیں۔ ملک ان کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، اپوزیشن مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کرنا چاہتی ہے، پی پی پی اور ن لیگ علاقائی پارٹیاں بن کر رہ گئی ہیں، پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کے لئے کنٹینر کرایہ پر دیا جا سکتا ہے، نواز شریف اور مریم صفدر سزا یافتہ مجرم ہیں، مقصود چپڑاسی کیس بھی جلد شروع ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ یہ کیسز لوگوں کو براہ راست دکھائے جائیں۔ اتوار کو اپنے حلقہ انتخاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان منڈی بہائوالدین میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور جلسہ میں 30 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے عمران خان نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا ہے، اس سال پاکستان کی معیشت 5.37 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے، طویل عرصے بعد گندم، مکئی، گنے اور چاول کی بمپر پیداوار ہوئی۔ آج کسان، مزدور اور مستری خوشحال ہیں۔ جب ملک کے معاشی حالات درست ہوتے ہیں تو مختلف سیاسی چوہے نکل کر شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، یہ پٹے ہوئے لوگ ہیں۔ ملک میں اگر مہنگائی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ملک ان لوگوں کے حوالے کر دیا جائے جن کی وجہ سے ملک کے معاشی مسائل کا شکار ہوا۔23 سال کے بعد کوئی وزیراعظم روس کے دورہ پر جا رہا ہے۔ اپوزیشن ہر دو مہینے بعد تحریک عدم اعتماد جیسے بیانات جاری کر دیتی ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز پر کسی چینل کو چلانے کے لئے دبائو نہیں ڈالا جا سکتا، کسی صحافی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پتہ ہے کہ وہ خود تو 15 بندے بھی نہیں نکال سکتی، لہذا وہ مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر اپنی سیاست کرنا چاہتی ہے۔ بدقسمتی سے زرداری نے پیپلز پارٹی کا قد چھوٹا کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدم اعتماد تب آتا ہے جب آپ کی کمر میں درد نہ ہو اور آپ اپنے پائوں پر کھڑے ہوں، منتوں، ترلوں اور سازشوں سے عدم اعتماد نہیں آتا۔ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے، یہ عدم اعتماد نہیں لا سکتے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لگائے گئے وہ پلانٹس ہیں جن سے ہم بجلی خریدیں یا نہ خریدیں، اس کی ادائیگی ہمیں کرنا ہوتی ہے۔ آج ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ علاوہ ازیں فواد حسین اتوار کو یہاں معروف سماجی شخصیت چودھری محمد اسلم مارتھ کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کے گھر گئے۔
شہباز کو چوہدریوں سے کچھ نہیں ملے گا، صدقے تھانیدارتو جس نے ماں یاد کرادتی: فواد چوہدری
Feb 14, 2022