لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہوگئی۔ وہ نجی ہسپتال میں داخل ہیں۔ آصف زرداری نجی ہسپتال سے چیک اپ اور ٹیسٹ کروا کر بلاول ہائوس پہنچ گئے۔ ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق آصف زرداری کی خراب صحت کے باعث سراج الحق سے ملاقات منسوخ کی گئی۔ آصف زرداری کی طبیعت بہتر ہونے کے بعد سراج الحق سے ملاقات طے کی جائے گی۔ آصف زرداری نے 6 رکنی وفد کے ہمراہ گزشتہ روز سراج الحق سے ملاقات کرنی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد حکومت کیخلاف جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنا تھا۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے ملاقات ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما کچھ دنوں بعد ملیں گے۔ سراج الحق نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ سراج الحق نے رابطہ میں آصف زرداری کی خیریت دریافت کی۔ آصف علی زرداری نے خیریت دریافت کرنے پر امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ چودھری برادران نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے آصف علی زرداری سے صحت سے متعلق پوچھا اور گلدستہ بلاول ہاؤس بھجوایا ہے۔